دنیا بھر میں اپنی کوچنگ سے شہرت حاصل کرنے والے اینڈی فلاور نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل کھلاڑی قرار دیدیا۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے زمبابوے کے سابق کھلاڑی اینڈی فلاور نے نجی ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال ہونے والے پاکستان سپر لیگ کا حصہ نہیں بن پائیں گے کیوں کہ دیگر لیگز کی مسلسل کوچنگ کی وجہ سے وہ تھکاؤٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور تھوڑا آرام کرنا چاہتے ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈریسنگ روم کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بارے میں بات نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم جلد فارم بحال کرلیں گے اور انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران اچھے اسکور کیے، کوئی بھی کھلاڑی سپر مین نہیں ہوتا کہ وہ ہر وقت اسکور کرتا رہے، البتہ بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں۔
اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مہمان ٹیموں کو مشکل پیش آتی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز میں اچھا مقابلے دیکھنے میں آئے لیکن قومی ٹیم اپنی فیلڈنگ کی وجہ سے مار کھاگئی، البتہ پاکستان نے آسٹریلیا کی مشکل کنڈیشنز میں جیسی کرکٹ کھیلی اس پر کھلاڑیوں کو فخر ہونا چاہیے۔
ملتان سلطانز کے سابق کوچ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو وائٹ بال کرکٹ میں بہترین کھلاڑیوں کی خدمات میسر ہیں، حقیقی پاور ہٹرز بھی موجود ہیں، کیویز کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا کبھی آسان نہیں ہوتا، کوئی بھی غلطی کریں تو اس کی سزا برداشت کرنا پڑتی ہے،میرے خیال میں دونوں ٹورز بہت مشکل تھے۔
خیال رہے کہ اینڈی فلاور ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں وہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں گلف جائنٹس کی کوچنگ کررہے ہیں۔


















