Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور قلندرز کو مسلسل تیسری شکست، ملتان سلطانز 5 وکٹ سے کامیاب

پی ایس ایل 9 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے جب کہ ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم فخرزمان نے 36 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ وین ڈار ڈاسن نے 37 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

سکندر رضا 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جہانداد خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی، عبداللہ شفیق 6 اور کارلوس بیرتھ ویٹ 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے 2، عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ ملان کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ ریزا ہینڈرکس بھی اس میچ میں ناکام رہے اور وہ 9 رنز بناکر واپس پویلین لوٹے جب کہ یاسر خان 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

تاہم کپتان محمد رضوان وکٹ پر ڈٹے رہے اور نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ وہ 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ولے نے 25 رنز بنائے لیکن افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

لاہورقلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور زمان خان نے 2،2 جب کہ جارج لنڈے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ خبریں