پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے فاسٹ بولر سلمان ارشاد نے قومی ٹیم کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کردی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے فاسٹ بولر سلمان ارشاد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل، سی پی ایل اور ٹی ٹین میں دنیا کے ہر ٹاپ بیٹر کو آؤٹ کیا ہے جب کہ نیٹ پر ویرات کوہلی کو بولنگ کرواچکا ہوں لیکن پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ بابراعظم، محمد رضوان سمیت کئی بڑے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکا ہوں جب کہ سی پی ایل میں کیرون پولارڈ اور آندرے رسل سمیت کئی کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کرچکا ہوں۔
سلمان ارشاد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں اس وقت فاسٹ بولنگ میں بہت سخت مقابلہ ہے لیکن میں نے اپنی محنت جاری رکھی ہوئی ہے اور میں پرامید ہوں کہ مجھے موقع ملے گا تاہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولرز کے پاس بہت کم مواقع ہوتے ہیں اور اسے بلے بازوں سے ایک قدم آگے کا سوچنا ہوتا ہے۔
بابراعظم کی قیادت کے حوالے سے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بابراعظم مجھے اچھی طرح سمجھتے ہیں، بابر جیسے بیٹر کو بولنگ کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم ان کے ساتھ کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔


















