قومی ٹیم کے سابق لیجنڈری اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے وقت کے ساتھ اپنے کھیل میں بھی تبدیلی لائی ہے اور یہی ان کی کامیابی کی وجہ ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹریو دیتے ہوئے پاکستان کے سابق اسپنر سعید اجمل کا کہنا تھا کہ روی چندرن ایشون انگلینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ کھیلنے جارہے ہیں اور اگر وہ فٹ رہے تو ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بولرکو لمبے انٹرنیشنل کیرئیر کے لیے تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ ایشون بھی کیرئیر کے آغاز کے بعد سے کچھ تبدیلیاں لائے ہیں، ایشون نے اپنے ایکشن کو بھی تبدیل کیا ہے یوں کہیں کہ انہوں نے وقت کے ساتھ ساتھ خود کو بہت تبدیل کیا ہے۔
سابق اسپنر نے کہا کہ ایشون کی جانب سے صرف بھارتی سرزمین پر 350 وکٹیں لینے کا مطلب انہوں نے مسلسل بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے جب کہ بھارتی اسپنر نے وکٹیں لینے کے لیے دوسرا پر زیادہ انحصار نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ بھارتی پچز اسپنرز کے لیے مددگار ہوتی ہیں لیکن اس کے لیے کسی بھی بولر کو مسلسل ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کروانے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی کام ایشون کرتے آرہے ہیں۔
سعید اجمل کا مزید کہنا تھا کہ اسپنرکامیاب وہی ہے جو کنڈیشنزکے علاوہ بھی وکٹیں لے ، ایشون نے 100 سے کم ٹیسٹ میچز میں 500 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔


















