اولمپک چمپئین لیجنڈ ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی فتح کی پیش گوئی کر دی ہے۔
آٹھ بار کے اولمپک چیمپیئن ایتھلیٹ اور کرکٹ کے مداح یوسین بولٹ نے اپنی ہوم ٹیم ویسٹ انڈیز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں ٹی 20 ورلڈ کپ ٹائٹل کی ہیٹ ٹرک جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔
بولٹ کو یقین ہے کہ کیریبین ٹی 20 ورلڈ کپ ٹائٹل کی ہیٹ ٹرک جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔

ویسٹ انڈین کرکٹ کا شاندار ماضی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے لیکن 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے پہلے دو ایڈیشن جیتنے والی ٹیم گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔
تاہم جنوری میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے آسٹریلیا میں 27 سال میں پہلی بار ٹیسٹ جیتنے کے بعد بولٹ کو یقین ہے کہ کیریبین نے بالآخر اپنی تمام جدوجہد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دنیا کے تیز ترین کھلاڑی کا ماننا ہے کہ ان کی ٹیم 2012 اور 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی کامیابیوں میں اضافہ کر سکتی ہے کیونکہ وہ اس سال کے ٹورنامنٹ کی میزبانی امریکہ کے ساتھ کرے گی اور فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔
یوسین بولٹ نے بدھ کے روز ناساو کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کہا کہ میں ہمیشہ اپنی ہوم ٹیم کے ساتھ جاؤں گا، جہاں ٹورنامنٹ کے عہدیداروں نے نو تعمیر شدہ 34,000 نشستوں والے اسٹیڈیم کی ایک جھلک پیش کی۔
دو بار کی فاتح ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اپنی گروپ مہم کا آغاز 2 جون کو گیانا میں پاپوا نیو گنی کے خلاف کرے گی۔


















