نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان کو آخری گروپ میچ میں فرانس کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن زیادہ گول اسکور کرنے کی بنیاد پر قومی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پولینڈ میں جاری نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو فرانس کے خلاف تیسرے گروپ میچ میں سنسنی خیز میچ کے بعد شکست ہوئی، قومی ہاکی ٹیم نے فرانس کے خلاف 6 کے مقابلے میں 5 گول کیے۔
گرین شرٹس کی جانب سے رانا عبدالوحید، ابوبکر محمود، عبدالحنان شاہد، عبدالرحمٰن اور مرتضیٰ یعقوب نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔
تاہم، پاکستان نے ملائیشیا سے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جب کہ فرانس پہلے ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکا تھا۔
نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہفتے کو ہوگا۔


















