Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں ہونے والے فائنل میں دوسری بار ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے کے بعد بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے مختصر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ورلڈکپ کے فائنل میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی تین بلے باز جلد ہی پویلین لوٹ گئے، ایسے میں ویرات کوہلی نے اپنی ماسٹر کلاس دکھاتے ہوئے نصف سنچری بنائی، انہوں نے 76 رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ بھی وصول کیا۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ میرا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ تھا، چونکہ ہم جو حاصل کرنا چاہتے تھے وہ ہمیں مل گیا، لہذا یہ بہترین وقت ہے ریٹائرمنٹ کا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان کھلاڑی آگے آئیں اور ٹیم کے لیے کچھ کر دکھائیں، شکر گزار ہوں کہ میں ٹیم کے لیے کام کرنے میں کامیاب رہا اور یہ سب سے اہم تھا۔

ویرات کوہلی نے 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 48.69 کی اوسط اور 137.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 ہزار 188 رنز بنائے۔

متعلقہ خبریں