Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 10؛ پہلی بار کمنٹری مکمل اردو میں ہوگی

شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری؛ پی ایس ایل 10میں پہلی بار کمنٹری مکمل اردو میں کی جائے گی۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ اردو کمنٹری کے ذریعے ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے جوش وخروش کو ملک بھر میں شائقین کے دلوں کے قریب لا رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ  کی تاریخ میں پہلی بار شائقین پورے ٹورنامنٹ میں مکمل میچ کی اردو کمنٹری سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

 ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 اپریل سے 18 مئی تک چار شہروں لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، شائقین اردو میں براہ راست نشریات دیکھ سکیں گے، پاکستان کی قومی زبان میں لیگ میچوں کے ایکشن اور جوش و خروش سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

 یہ قدم ان لاکھوں کرکٹ شائقین کے ساتھ  تعلق کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرے گا جو طویل عرصے سے اس اضافے کا انتظار کر رہے تھے۔

سلمان نصیر نے یہ بھی کہا کہ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اور اس کے بڑھتے ہوئے مداحوں کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، پاکستان میں کرکٹ ایک متحد قوت ہے اور پورے کھیل کے لیے اردو میں کمنٹری پیش کرکے ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے جوش اور توانائی کو ملک کے کونے کونے میں شائقین کے دلوں کے قریب لا رہے ہیں۔

“اردو کمنٹری فیڈ کا سب کو  بے صبری سے انتظار تھا ہم اسے فراہم کرنے کے لیے پرجوش ہیں، یہ اقدام نہ صرف کمیونٹی کے ساتھ ہمارا تعلق مضبوط کرتا ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا جوش و خروش وسیع تر سامعین کے لیے زیادہ قابل رسائی ہے۔”

واضح رہے کہ نشریات کی تفصیلات  بشمول انگریزی اور اردو دونوں کے لیے کمنٹری پینلز کا مناسب وقت پر اعلان  کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں