لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے براڈکاسٹ اور اسٹریمنگ حقوق کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک کھیلے جائیں گے جو دنیا بھر میں نشر ہوں گے۔ پاکستان میں اے اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس میچز کو براہِ راست دکھائیں گے۔
لائیو اسٹریمنگ کے لیے ملک میں حقوق ولی ٹیکنالوجیز نے حاصل کیے ہیں جب کہ شائقین میچز کو ٹیپمیڈ، تماشہ، دراز، مائیکو اور بیگن ایپس پر دیکھ سکیں گے۔
بین الاقوامی نشریات کے لیے ٹرانس گروپ نے تمام بیرونی خطوں کے اسٹریمنگ حقوق حاصل کیے ہیں۔ برطانیہ میں اسکائی اسپورٹس اور جیو پی ایس ایل کو نشر کریں گے۔
ویلو ٹی وی شمالی امریکا کے ناظرین کے لیے میچز دکھائے گا جب کہ افریقہ میں کرکٹ شائقین کے لیے سپر اسپورٹس نشریات کرے گا۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں مائیکو ان میچز کو نشر کرے گا، بنگلا دیش میں ٹی اسپورٹس اور بھارت میں فین کوڈ (ڈیجیٹل) پر نشریات ہوں گی۔
افغانستان، بھارت اور سری لنکا میں سونی ٹی وی پی ایس ایل کے میچز نشر کرے گا جب کہ دیگر ممالک میں اسپورٹس سنٹرل یہ میچز دکھانے کی ذمہ داری نبھائے گا۔


















