لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں جدت کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے “پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی” متعارف کرادی گئی۔
پی ایس ایل 10 میں اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ہر ایک ڈیلیوری پر کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کو فریم بہ فریم ٹریک کیا جائے گا جس میں فیلڈرز کے کوآرڈینیٹس، بولر کے رن اپ اور بیٹنگ اسٹانس شامل ہوں گے۔
بال بائی بال تجزیاتی ڈیٹا کی مدد سے کھیل کی تفہیم میں اضافہ ہوگا اور شائقین کو ایک منفرد بصری تجربہ حاصل ہوگا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے اس ٹیکنالوجی کے نفاذ کو لیگ کی ترقی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ’’پی ایس ایل نے ہمیشہ جدت کو اپنایا ہے اور پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی متعارف کراتے ہوئے ہم شائقین کے تجربے کو تقویت دینے کے لیے ایک قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ہمیشہ عالمی معیار کی کوریج فراہم کرنا ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی ایچ بی ایل پی ایس ایل کو جدید کرکٹ براڈکاسٹنگ کے لیے ایک معیار بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔


















