بسنت کے قریب آتے ہی لاہور میں پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خریدو فروخت میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
تیسرے روز بھی مارکیٹس میں رش برقرار رہا اور مجموعی طور پر تین دن میں 54 کروڑ روپے سے زائد کی تجارت ریکارڈ کی گئی۔
لیگل ایڈوائزر کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد کے مطابق تیسرے روز لاہور کی مختلف مارکیٹس میں 5 لاکھ سے زائد گڈے پتنگیں فروخت ہوئیں جبکہ 10 ہزار سے زائد پنے بھی فروخت کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسرے روز پتنگوں کے ریٹس میں اضافہ جبکہ دستیابی میں کمی رہی۔
مزید پڑھیں: بسنت کے موقع پر لاہوریوں کے لیے بلال سعید کا خصوصی گانا ریلیز
ملک فیضان احمد کے مطابق ڈیڑھ تاوا گڈا 650 روپے، ایک تاوا 450 روپے اور پونا تاوا 250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ دو پیس کا پنا 7 سے 8 ہزار روپے جبکہ چار پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پہلے روز 16 کروڑ روپے، دوسرے روز 18 کروڑ روپے جبکہ تیسرے روز 20 کروڑ روپے کی خریدو فروخت ہوئی۔
اندرون موچی گیٹ مارکیٹ، اسلام پورہ، ساندہ، سمن آباد، نوناریاں، اچھرہ سمیت دیگر علاقوں میں پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خرید و فروخت مسلسل جاری ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بسنت کے موقع پر 6 اور 7 فروری کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد مارکیٹس میں مزید رش بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

















