کراچی: انڈس اسپتال کراچی میں قوتِ سماعت سے محروم بچوں اور بڑوں کو سننے اور بولنے کے قابل بنانے کے لیے جاری کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کے تحت 450 سرجریز مکمل کرلی گئیں۔
ان سرجریز پر نجی شعبے میں علاج کی لاگت کے تخمینے کے مطابق مجموعی طور پر 2 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد خرچ آتا ہے تاہم انڈس اسپتال کراچی میں یہ سہولت مستحق مریضوں کو بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
پروگرام مینیجر ڈاکٹر انعام ہمدانی کے مطابق انڈس اسپتال میں رواں سال کوکلیئر امپلانٹ کی 126 سرجریز مکمل کی جاچکی ہیں،جبکہ آئندہ تین ماہ کے دوران مزید 36 سرجریز کرنے کا منصوبہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کوکلیئر امپلانٹ کروانے والے مریضوں میں سے 310 کا تعلق سندھ، 56 کا خیبر پختونخوا، 51 کا پنجاب اور 28 کا بلوچستان سے ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے 5 مریض بھی اس پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کوکلیئر امپلانٹ کے مکمل علاج پر نجی اسپتالوں میں 60 لاکھ روپے تک اخراجات آسکتے ہیں جبکہ صرف امپلانٹ ڈیوائس کی قیمت تقریباً 12 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ انڈس اسپتال میں مستحق مریضوں کو سرجری سمیت علاج اور بحالی کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔
اس پروگرام کے تحت سرجری کے بعد مریضوں کو تین سال تک آڈیالوجی اور اسپیچ تھراپی کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ پیدائشی طور پر قوتِ سماعت سے محروم پانچ سال سے کم عمر بچوں کے علاوہ بعد کی عمر میں سماعت کھونے والے 45 سال تک کے افراد بھی اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انڈس اسپتال میں علاج کروانے والے بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ بیماری کو قسمت سمجھ کر علاج ترک نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق اسپتال میں ان کے بچوں کا مکمل علاج مفت کیا گیا، جس سے انہیں نئی زندگی اور سننے کی امید ملی۔
طبی ماہرین نے نومولود بچوں کی سماعت کی بروقت جانچ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوتِ سماعت سے محرومی کی جلد تشخیص بچوں کے سننے، بولنے اور سیکھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
واضح رہے کہ انڈس اسپتال میں کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز 2014 میں کیا گیا تھا جس کے تحت جدید طبی سہولیات کے ذریعے قوتِ سماعت سے محروم افراد کو دوبارہ سننے کے قابل بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔



















