Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ نے 18 غیر ملکیوں کو آگ زدہ جہاز سے بچا لیا

تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ نے ایک کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 18 افراد پر مشتمل غیر ملکی عملے کو بحفاظت نکال لیا۔

بیان کے مطابق تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کیا گیا تاکہ امدادی کارروائی کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔

اس دوران سمندری حدود کی نگرانی پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا، جہاں ماہر ٹیم نے نہ صرف جہاز پر لگی آگ پر قابو پانے میں مدد دی بلکہ متاثرہ عملے کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی۔

ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔ تمام افراد کو مزید علاج اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں بعد ازاں اپنے اپنے ممالک روانہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق یہ آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت ردعمل اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی ایک اور مثال ہے۔

متعلقہ خبریں