Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے

کانفرنس کے موقع پر پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم کی انطالیہ ایئرپورٹ آمد پر ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کوپ 31 کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو درپیش چیلنجز اور نقصانات کو اجاگر کریں گے۔ وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور طے شدہ عالمی اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنایا جائے۔

شہباز شریف مستقبل کی توانائی ضروریات کے حوالے سے قابل تجدید توانائی کے فروغ اور بجلی کے شعبے میں منتقلی سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کانفرنس کے موقع پر پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی سمیت مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ موسمیاتی کانفرنسوں میں فعال سفارت کاری کے ذریعے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (نقصانات اور تباہ کاریوں کے ازالے کا فنڈ) کی منظوری بھی شامل ہے، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں