اسلام آباد: اسلام آباد امن مذاکرات میں وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایرانی اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات میں ایران کی شمولیت کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے بامعنی نتائج تک پہنچنے کے لیے پاکستان اپنا ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
یہ ملاقات امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور ممکنہ جامع معاہدے کے حوالے سے جاری سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔

















