Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چاند سے زمین پر واپسی؛ آرٹیمس دوم کے خلابازوں نے خوفناک تجربہ بیان کردیا

میں صرف یہ بتانا چاہتا تھا کہ اپنے بچوں کو گود میں لے کر انہیں بتاسکوں کہ محفوظ ہوں، کمانڈر ریڈ وائزمین

آرٹیمس دوم مشن کے خلابازوں نے چاند کے گرد چکر لگانے کے بعد زمین واپس آکر بتایا کہ ان کا سفر شاندار تھا لیکن واپسی کا ایک حصہ بہت خوفناک تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آرٹیمس دوم کے کمانڈر ریڈ وائزمین نے بتایا کہ زمین سے ڈھائی لاکھ میل دور ہونا انسانی آنکھوں کا سب سے خوبصورت نظارہ تھا لیکن 39 گنا آواز کی رفتار سے فضا میں واپس آنا انتہائی خوفناک اور خطرناک تجربہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وہ صرف یہ چاہتے تھے کہ اپنے بچوں کو گود میں لے کر انہیں بتاسکیں کہ وہ محفوظ ہیں۔

خلابازوں نے اپنی خلائی گاڑی ’’اورین‘‘ کو ’’انٹیگریٹی‘‘ (دیانت) کا نام دیا تھا۔ یہ گاڑی 10 روزہ مشن کے بعد گزشتہ ہفتے بحرالکاہل میں اتری۔

حفاظتی ڈھال پر تشویش

وائزمین اور پائلٹ وکٹر گلوور نے بتایا کہ ہیٹ شیلڈ پر کچھ جگہوں پر جلے ہوئے مادے کے گرنے کے آثار دیکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈھال ان کی نظر میں ٹھیک لگ رہی تھی لیکن اب اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 2022 میں پہلے غیر انسانی مشن میں گرمی کی ڈھال کو بہت نقصان پہنچا تھا جس کی وجہ سے آرٹیمس دوم میں کئی ماہ کی تاخیر ہوئی تھی۔

مستقبل کے مشنز

ناسا اب آرٹیمس سوم اور چوتھے مشن کی تیاری کررہا ہے۔ اگلا مشن 2028 میں چاند کے جنوبی قطب پر دو خلابازوں کو اتارے گا۔ ناسا اس بار چاند پر پائیدار موجودگی قائم کرنا چاہتا ہے۔

خلاباز کرسٹینا کاچ کہتے ہیں کہ واپسی کے بعد وہ اور ان کے ساتھی پہلے سے زیادہ پرجوش ہیں۔ کینیڈا کے خلاباز جیریمی ہینسن نے کہا کہ مستقبل کے مشنز میں زیادہ خطرہ ہوگا لیکن ہمیں ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا سفر ہموار رہا لیکن یہ واضح ہے کہ مستقبل میں صورتحال بہت تیزی سے خراب ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں