وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم اپنے عظیم رہبر کی بصیرت افروز قیادت، باشعور سیاسی حکمت عملی اور بے لوث قومی رہنمائی پر دِلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
اپنے پیغام وزیراعظم نے کہا کہ قائد اعظم دنیا کے وہ ممتاز رہنما ہیں جنہوں نےتاریخ کا دھارا موڑ کر انتہائی نامسائد حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنے مذہبی، ثقافتی اور نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے متحد ہونے اور جدوجہد کرنے کا عزم اور حوصلہ دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی سیاسی بصیرت، دوراندیشی اور مثالی قیادت کے باعث تحریکِ آزادی کامیابی سے آگے بڑھی اور بالآخر آزاد ریاست کے قیام کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی نظریاتی آزادی، سیاسی و مذہبی حقوق اور معاشی و سماجی ترقی کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے نئی ریاست کو درپیش سنگین چیلنجز کا ریاستی تدبر اور اعتماد کے ساتھ سامنا کیا، جن میں شدید انتظامی و مالی مشکلات، لاکھوں افراد کی بڑے پیمانے پر ہجرت اور حکومتی نظام کے قیام و فعالیت جیسے مسائل شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے واضح کیا تھا کہ ریاستِ پاکستان اسلامی اصولوں پر قائم ہوئی ہے، جہاں رنگ و نسل اور عقیدے کی تفریق کے بغیر شہری اور مذہبی آزادی، مساوی بنیادی حقوق اور ذمہ داریوں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا بنیادی مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح پوری قوم کی اجتماعی اور مشترکہ کوششوں ہی سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن قوم سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ قائداعظم کے رہنما اصولوں سے وابستگی کے عزم کی تجدید کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر غیر متزلزل عمل آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مشعلِ راہ اور روشن قومی مستقبل کی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کی لازوال میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کیا جائے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان ورثے میں دیا جا سکے جو عظیم قائد کے وژن، نظریات اور اصولوں کی حقیقی عکاسی کرتا ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہے اور اللہ تعالیٰ انہیں اپنی بے پایاں رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے۔















