Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلیاں اچانک کھانا کیوں چھوڑ دیتی ہیں؟ سائنسدانوں نے حیران کن وجہ بتادی

تحقیق کے مطابق بلیوں میں کھانے کی رغبت کا تعلق خوشبو سے ہوتا ہے۔

بلیاں کھانے کے دوران اچانک رک کیوں جاتی ہیں؟ جاپان میں ہونے والی ایک نئی تحقیق نے اس سوال کا جواب دے دیا ہے جس کے مطابق بلیاں بھوک نہیں بلکہ اکتاہٹ کی وجہ سے کھانا چھوڑتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق بلیوں میں کھانے کی رغبت کا تعلق خوشبو سے ہوتا ہے اور ایک ہی خوراک کی بو بار بار ملنے سے ان کی دلچسپی کم ہوجاتی ہے۔

جاپان کی ایک جامعہ کے محققین نے بلیوں کے کھانے کے انداز پر تحقیق کی جس میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ آیا بلیاں پیٹ بھرنے کی وجہ سے کھانا چھوڑتی ہیں یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہوتی ہے۔

اس مقصد کے لیے 12 گھریلو بلیوں کو مخصوص خوراک کی معمول پر رکھا گیا اور انہیں وقفے کے بعد کھانا دیا گیا۔ حیران کن طور پر زیادہ تر بلیوں نے بھوک کے باوجود پوری خوراک ختم نہیں کی۔

ماہرین کے مطابق بلیاں عام طور پر تھوڑا تھوڑا کھاتی ہیں کیونکہ ان کے آباؤ اجداد اکیلے شکار کرنے والے تھے جو دن میں کئی بار چھوٹا شکار کرتے تھے۔

تحقیق کے دوران یہ بھی دیکھا گیا کہ جب بلیوں کو بار بار ایک ہی خوراک دی گئی تو ان کی دلچسپی کم ہوتی گئی اور وہ کم کھانے لگیں۔

اس کے برعکس جب انہیں ہر بار مختلف خوراک دی گئی تو انہوں نے زیادہ کھانا کھایا جس سے ثابت ہوا کہ تبدیلی ان کی بھوک کو بڑھاتی ہے۔

مزید تجربات میں معلوم ہوا کہ اگر ایک ہی خوراک کو مختلف خوشبو کے ساتھ پیش کیا جائے تو بلیوں کی کھانے کی رغبت دوبارہ بڑھ جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیاں صرف پیٹ بھرنے کی وجہ سے کھانا نہیں چھوڑتیں بلکہ خوراک کی خوشبو سے مانوس ہونے کے باعث ان کی دلچسپی کم ہوجاتی ہے۔

یہ تحقیق بلیوں کی صحت کے لیے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے کیونکہ اس سے موٹاپے یا کمزوری کا شکار بلیوں کی خوراک بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق خوراک کی خوشبو میں تبدیلی لاکر بلیوں کو بہتر انداز میں کھانے کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے، خاص طور پر بیمار یا بوڑھی بلیوں کے لیے یہ طریقہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں