ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 تا 24 مئی کو خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو مہم کے دوران تقریباً 1 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مئی کی یہ خصوصی پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ رواں ماہ منعقد ہونے والی پولیو مہم کے دوران پنجاب کے 10 مخصوص اضلاع میں 61 لاکھ 90 ہزار، سندھ کے 20 مخصوص اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے 23 مخصوص اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار، بلوچستان کے 25 مخصوص اضلاع میں 19 لاکھ 90 ہزار جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی نے بتایا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں پولیو ورکرز کے لیے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلَوائیں۔




















