منفرد گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے کے لیے مشہور ڈیوڈ رش نے اپنے ہی سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے ماتھے پر 254 ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
ڈیوڈ رش نے یہ غیر معمولی کارنامہ ایک منٹ 12 سیکنڈ تک انجام دیا جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مقررہ معیار کے مطابق انہیں کم از کم 30 سیکنڈ تک توازن برقرار رکھنا تھا۔
رش نے پہلی مرتبہ 2021 میں سر پر سب سے زیادہ ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جب انہوں نے 101 رولز کو متوازن رکھا۔ بعد میں یہ ریکارڈ ان کے ہاتھ سے نکل گیا، تاہم مئی 2025 میں انہوں نے 195 رولز کے ساتھ دوبارہ عالمی اعزاز حاصل کر لیا۔
اکتوبر 2025 میں کی گئی تازہ کوشش کے دوران رش نے 254 رولز ایک دوسرے کے اوپر رکھ کر سابقہ ریکارڈ میں مزید بہتری پیدا کی۔
اپنی آن لائن پوسٹ میں ڈیوڈ رش نے بتایا کہ اس کوشش کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی اجازت کے مطابق گتے کے ڈیوائیڈرز استعمال کیے گئے، جبکہ رولز کے بڑے ڈھانچے کو اٹھا کر سر پر رکھنے کے لیے کئی افراد نے مدد فراہم کی۔
رش کے مطابق پہلی کوشش میں توازن بگڑ گیا اور سیکڑوں رولز لکڑی کے فرش پر بکھر گئے، تاہم دوسری کوشش میں وہ کامیاب رہے۔
انہوں نے 254 رولز پر مشتمل اس ٹاور کو ایک منٹ 12 سیکنڈ تک ماتھے پر متوازن رکھا اور مقررہ 30 سیکنڈ کی حد کو باآسانی عبور کرتے ہوئے اپنا ہی عالمی ریکارڈ بہتر بنا دیا۔
ڈیوڈ رش اب تک 200 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔




















