Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نارووال میں مندر موسلادھار بارشوں سے متاثر ہوا، پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیے

‘اڈہ سراج مندر کو 21 جولائی 2026 کو ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث نقصان پہنچا تھا’

اسلام آباد: پاکستان نے نارووال کے علاقے اڈہ سراج میں ہندو مندر سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو گمراہ کن، جھوٹا اور سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اڈہ سراج مندر کو 21 جولائی 2026 کو ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث نقصان پہنچا تھا۔ مقامی حکام نے بارش سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد مندر کی عمارت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت حقائق کو مسخ کرکے سستی سیاسی چالوں کا سہارا لے رہا ہے تاہم اس طرح کی کوششیں اقلیتوں کے حوالے سے بھارت کے سنگین ریکارڈ سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت میں اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کے خلاف منظم کارروائیوں کا دنیا بخوبی علم رکھتی ہے، ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف استعمال کرنے پر بھارتی قیادت کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ اور مسیحی برادریاں ریاستی سرپرستی میں مظالم کا سامنا کر رہی ہیں اس لیے بھارتی حکومت کو دوسروں پر الزام تراشی کے بجائے اپنے اقلیتوں سے متعلق ریکارڈ پر توجہ دینی چاہیے۔

متعلقہ خبریں