Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری خریداری پر ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کی کٹوتی نہ ہونے کا معاملہ، گورنر خیبرپختونخوا کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

ٹیکسوں کی ادائیگی ذمہ دار قوم کی نشانی اور ملکی ترقی کا اہم جزو ہے، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت سرکاری محکموں کی جانب سے اشیاء کی خریداری پر ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کی کٹوتی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ٹیکس کٹوتی نہ ہونے کے معاملے، قانونی و مالیاتی امور اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، فنانس ڈیپارٹمنٹ، کیپرا، پی اینڈ ڈی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایف بی آر، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایف بی آر حکام نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں ودہولڈنگ سیلز ٹیکس سے متعلق بریفنگ دی۔

چیف کمشنر ایف بی آر محمد تقی قریشی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت اپنا ٹیکس کاٹتی ہے تاہم وفاقی ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کی کٹوتی نہیں کی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ملازمین کا ٹیکس کاٹتی ہے تاہم ٹھیکیداروں سے ون ففتھ ٹیکس کی کٹوتی نہیں کی جاتی۔

محمد تقی قریشی کے مطابق چیف سیکرٹری آفس اور صوبائی محکموں کو اس معاملے سے آگاہ کیا گیا تاہم اس حوالے سے عملی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

ایف بی آر حکام نے اجلاس کو بتایا کہ افسران اصولی طور پر ایف بی آر کے مؤقف سے متفق ہیں تاہم ٹینڈرنگ کے مرحلے پر ٹیکس کی کٹوتی نہیں کی جاتی۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ ایم آر ایس میں لیبر کاسٹ، ٹیکسز اور دیگر ضروری اخراجات شامل ہوتے ہیں جب کہ اشیاء کی قیمتوں کے تعین میں مارکیٹ ریٹ کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔

کیپرا حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کا معاملہ نیشنل ٹیکس کونسل کے دائرہ کار سے متعلق ہے۔

کیپرا کے مطابق ایف بی آر کے مطالبے پر عمل درآمد سے خیبرپختونخوا کے اخراجات بڑھنے اور آمدن کم ہونے کا خدشہ ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کے متعلقہ محکمے ایف بی آر حکام کے ساتھ بیٹھ کر معاملے کا حل نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی ذمہ دار قوم کی نشانی اور ملکی ترقی کا اہم جزو ہے جب کہ ٹیکس چوری دراصل ملک اور عوام کے ساتھ زیادتی ہے جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ ایف بی آر اور محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر سیلز ٹیکس کا معاملہ باہمی بات چیت سے حل کیا جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان سیلز ٹیکس کے معاملے پر غلط فہمیاں دور کرکے قابلِ عمل حل نکالا جائے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا کہ وفاق ٹیکس وصول کرکے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ان کا حصہ واپس کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر حکام کے ساتھ بیٹھ کر افہام و تفہیم سے ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ حل کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں