مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال کے باعث تیل کی سپلائی کرنے والے جہازوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق جنگ سے پہلے آئل ٹینکر کا یومیہ کرایہ 20 سے 50 ہزار ڈالر تھا تاہم جنگی صورتحال کے باعث اب یومیہ کرایہ 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے اس طرح تیل کی سپلائی کرنے والے جہازوں کے یومیہ کرایوں میں معمول کی سطح کے مقابلے میں 5 گنا سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ 2022 سے 2025 کے دوران آئل ٹینکرز کا یومیہ کرایہ 20 سے 50 ہزار ڈالر کے درمیان رہا۔
مشرقِ وسطیٰ میں جنگی خطرات کے باعث آئل ٹینکرز کے انشورنس پریمیم میں بھی اضافے کا خدشہ ہے جبکہ شپنگ کرایوں اور انشورنس اخراجات میں اضافہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
















