Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز؛ بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گرد ہلاک

‘دہشت گرد دھماکا خیز مواد آئی ای ڈیز کی تیاری کے لیے استعمال کر رہے تھے’

راولپنڈی: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جس دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کر کے مقامی ٹریفک متاثر کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دوسری کارروائی واشک میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا۔

 آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ واشک سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا تاہم دہشت گرد دھماکا خیز مواد آئی ای ڈیز کی تیاری کے لیے استعمال کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری رہیں گی، عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔