Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سائنسدانوں نے زمین کے گمشدہ براعظم کا 16 فیصد حصہ دریافت کرلیا

اس براعظم کی تشکیل نے زمین کے ماحول اور پیچیدہ حیات کے ارتقا میں اہم کردار ادا کیا۔

سائنسدانوں نے زمین کے قدیم اور عظیم براعظم گونڈوانا کا وہ حصہ دریافت کرلیا ہے جو طویل عرصے سے غائب سمجھا جارہا تھا۔

نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس دریافت کے بعد گونڈوانا زمین کی مجموعی خشکی کے تقریباً 80 فیصد حصے پر مشتمل عظیم براعظم ثابت ہوتا ہے جب کہ اس کی تشکیل نے زمین کے ماحول اور پیچیدہ حیات کے ارتقا میں اہم کردار ادا کیا۔

زمین کے براعظم انسانی زندگی کے دورانیے میں تقریباً ساکن دکھائی دیتے ہیں تاہم کروڑوں اور اربوں سال کے دوران ان کی جگہ اور ساخت میں بڑی تبدیلیاں آتی رہی ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق زمین کی تاریخ میں کئی عظیم براعظم وجود میں آئے جن میں گونڈوانا بھی شامل ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ گونڈوانا کی تشکیل تقریباً 75 کروڑ سال پہلے شروع ہوئی اور تقریباً 20 کروڑ سال بعد مکمل ہوئی۔

گونڈوانا کی حیثیت پر اس لیے سوال اٹھائے جاتے رہے کہ اسے زمین کی مجموعی خشکی کے تقریباً 64 فیصد حصے پر مشتمل سمجھا جاتا تھا جبکہ عظیم براعظم تصور کیے جانے کے لیے کم از کم 75 فیصد خشکی کا معیار استعمال کیا جاتا تھا۔

تاہم نئی تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے مختلف علاقوں سے حاصل کیے گئے چٹان کے نمونوں کا جائزہ لیا تو ہمالیہ میں موجود چٹانوں کی عمر تقریباً 2 کروڑ سے 5 کروڑ سال کے درمیان پائی گئی۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ چٹانیں گونڈوانا کے ایک ہی قدیم زمینی حصے سے تعلق رکھتی ہیں۔ سائنسدانوں نے گونڈوانا کے ان ٹکڑوں کا سراغ بھارت اور جنوب مشرقی ایشیا سے چین کے بیشتر حصوں اور قازقستان تک لگایا۔

اس دریافت سے گونڈوانا کی زمین کی مجموعی خشکی میں شمولیت بڑھ کر تقریباً 80 فیصد ہوگئی جس سے اس کی عظیم براعظم کی حیثیت کی تصدیق ہوتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق عظیم براعظم کی تشکیل کے دوران زمین کی پرت کی حرکت، آتش فشاں کی سرگرمی اور ماحول میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

آتش فشاں کے سلسلوں سے خارج ہونے والی گیسز، آبی بخارات اور کاربن ڈائی آکسائیڈ نے زمین کے سرد ماحول کو بتدریج گرم کرنے میں کردار ادا کیا جس سے پیچیدہ جانداروں کے لیے سازگار حالات پیدا ہوئے۔

تحقیق کے مطابق گونڈوانا کی تشکیل اور اس کے نتیجے میں آنے والی ماحولیاتی تبدیلیاں زمین پر پیچیدہ زندگی کے ظہور کی تاریخ سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں