وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے عوام کے لیے سبسڈی کے حصول کا عمل مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور انہیں رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام میں اسکیم سے متعلق آگاہی کے لیے بھرپور اور متحرک انداز میں اقدامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں فیول سبسڈی اسکیم کے پائلٹ پروگرام کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اسکیم کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کو عوام کے لیے انتہائی آسان اور سادہ بنایا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن کے لیے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں۔
ان معلومات میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، گاڑی کی رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اسکیم کی کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے جبکہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھی بھرپور تعاون کررہی ہیں۔
بریفنگ کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں، جہاں شہری رجسٹریشن اور اسکیم کے دیگر مراحل سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ اور علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔


















