آسٹریلیا کے کرسمس آئی لینڈ پر قدرت کا انوکھا منظر دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں کروڑوں سرخ کیکڑوں نے جنگلات سے سمندر کی جانب سالانہ نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ کیکڑوں کی بڑی تعداد سڑکوں، پلوں اور پتھریلے راستوں پر پھیلنے سے پورا جزیرہ سرخ رنگ میں ڈھل گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بارشوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی سرخ کیکڑے اپنے بلوں سے نکل کر ساحلی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ ان کی نقل مکانی کے باعث جزیرے کی بعض سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
Tens of millions of red crabs have started their annual migration on Australia’s Christmas Island.
The crabs migrate from the forests to the seas when major wet season rainfalls start each year to breed on the coast. https://t.co/aIgqls3oOF
— ABC News (@ABC) November 16, 2026
رپورٹ کے مطابق 14 اور 15 نومبر کو بھی کیکڑوں کی یہ غیر معمولی نقل مکانی جاری رہی۔ اس قدرتی عمل کا وقت بارشوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ چاند کی گردش اور سمندری لہروں سے بھی جڑا ہوا ہے۔
چاند کی گردش کیکڑوں کے سفر کا وقت کیسے طے کرتی ہے؟
پارکس آسٹریلیا کے مطابق سرخ کیکڑے چاند کی آخری تاریخوں میں طلوع آفتاب سے پہلے اس وقت سمندر میں انڈے چھوڑتے ہیں جب اونچی سمندری لہر واپس اترنا شروع ہوتی ہے۔ اسی مخصوص وقت پر ساحل تک پہنچنے کے لیے انہیں پہلے ہی جنگلات سے اپنا سفر شروع کرنا پڑتا ہے۔
بارشیں شروع ہوتے ہی نر کیکڑے سب سے پہلے جنگلات سے ساحلی علاقوں کی طرف روانہ ہوتے ہیں، جبکہ مادہ کیکڑے بھی بعد میں ان کے ساتھ شامل ہو جاتی ہیں۔ اگر بارشیں جلد شروع ہو جائیں تو کیکڑے نسبتاً آہستہ سفر کرتے ہیں، لیکن موزوں وقت قریب ہونے پر انہیں تیزی سے ساحل تک پہنچنا پڑتا ہے۔
Millions of red crabs have begun their annual journey across Christmas Island, emerging from the forest and heading towards the ocean to breed after the first rains of the wet season.
Footage from Parks Australia shows the spectacular migration spilling across the island’s five-metre-high crab bridge, with the crustaceans timing their dash to the coast around the moon and tides.
— The Project (@theprojecttv) November 17, 2026
کیکڑوں کی حفاظت کے لیے خصوصی پل اور گزرگاہیں
کروڑوں کیکڑوں کی نقل مکانی کے دوران گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے۔ ان کی حفاظت کے لیے حکام خصوصی انتظامات کرتے ہیں، جن میں سڑکوں کے نیچے گزرگاہوں کی صفائی، خصوصی پلوں کی تعمیر اور سڑکوں کے کنارے رکاوٹیں لگانا شامل ہے۔
پارکس آسٹریلیا کے مطابق ضرورت کے تحت سڑکوں کے بعض حصے مخصوص اوقات یا پورے دن کے لیے بند کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ڈرائیوروں کو خبردار کرنے کے لیے خصوصی ٹریفک نشانات بھی نصب کیے جاتے ہیں۔
ایک مادہ کیکڑا ایک لاکھ تک انڈے دیتی ہے
ساحل پر پہنچنے کے بعد نر کیکڑے زمین کھود کر بل بناتے ہیں، جہاں مادہ کیکڑوں کے ساتھ ملاپ ہوتا ہے۔ اس عمل کے بعد نر کیکڑے سمندر کا رخ کرتے ہیں اور پھر جنگلات میں واپس چلے جاتے ہیں۔
مادہ کیکڑے تقریباً دو ہفتے تک اپنے پیٹ کے نیچے موجود تھیلی میں انڈوں کی پرورش کرتی ہیں۔ ایک مادہ کیکڑا ایک مرتبہ میں ایک لاکھ تک انڈے دے سکتی ہے۔
انڈے چھوڑنے کے لیے مادہ کیکڑے چاند کی آخری تاریخوں میں ساحل پر جمع ہوتی ہیں اور طلوع آفتاب سے پہلے اترتی ہوئی سمندری لہر کے دوران پانی میں انڈے چھوڑ دیتی ہیں۔
پانی میں پہنچتے ہی انڈوں سے ننھے لاروا نکلتے ہیں جو سمندری لہروں کے ساتھ کھلے سمندر میں چلے جاتے ہیں۔ تقریباً ایک ماہ بعد یہ چھوٹے کیکڑوں کی شکل اختیار کرکے دوبارہ ساحل کے راستے جنگلات کی جانب سفر شروع کر دیتے ہیں۔
کرسمس آئی لینڈ پر 10 کروڑ سرخ کیکڑے موجود
بحرہند میں واقع کرسمس آئی لینڈ دنیا بھر میں سرخ کیکڑوں کی سالانہ نقل مکانی کے باعث مشہور ہے۔ پارکس آسٹریلیا کے مطابق جزیرے پر سرخ کیکڑوں کی مجموعی آبادی کا تخمینہ تقریباً 10 کروڑ ہے۔
یہ کیکڑے جنگلات میں گرے ہوئے پتے اور پودوں کی باقیات کھاتے ہیں، جس سے غذائی اجزا کی قدرتی گردش برقرار رہتی ہے اور جنگلاتی ماحول کا توازن قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
کروڑوں سرخ کیکڑوں کی یہ سالانہ نقل مکانی دنیا کے منفرد قدرتی مناظر میں شمار ہوتی ہے، جسے دیکھنے کے لیے سیاح بھی کرسمس آئی لینڈ کا رخ کرتے ہیں۔




















