Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران میں امریکی حملوں پر اقوام متحدہ کی رپورٹ، جنگی جرائم کے شواہد کا دعویٰ

رپورٹ کے مطابق بعض کارروائیاں انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتی ہیں

ایران میں امریکی حملوں سے متعلق اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کی رپورٹ سامنے آگئی جس میں اسکول اور اسپورٹس کمپلیکس کو نشانہ بنانے کے واقعات میں امریکی افواج کے ملوث ہونے کے شواہد ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا اور بعض کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتی ہیں۔

اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مطابق ایرانی شہر میناب میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہوئیں اور اسکول کی عمارت سمیت دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

ایرانی حکام کے مطابق میناب کے اسکول پر ہونے والے حملے میں 120 بچوں سمیت 150 سے زائد افراد شہید ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اسکول ایک شہری عمارت تھی اور اس کے فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مطابق حملے سے قبل ہدف کی مناسب تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ کارروائی کے نتیجے میں شہریوں کو نقصان پہنچنے کا نمایاں خطرہ موجود تھا۔

اقوام متحدہ کے مشن نے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران حکام کی جانب سے کیے گئے کریک ڈاؤن کا بھی جائزہ لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعض کارروائیاں انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔

رپورٹ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم سے متعلق نتائج شواہد اور واقعات کے جائزے کی بنیاد پر پیش کیے گئے ہیں، تاہم حتمی قانونی ذمہ داری کا تعین متعلقہ قانونی فورمز پر ہونا باقی ہے۔

متعلقہ خبریں