وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، حکومت نے پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی شروع کی ہے۔
وفاقی وزرا کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ وزارت قانون و انصاف نے مختلف اداروں کے اشتراک سے ایک جامع رپورٹ مرتب کی ہے، جس کا مقصد وفاقی اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر قانون کے مطابق یہ رپورٹ کسی ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ اصلاحات کے لیے ایک انتظامی اقدام ہے۔ اس میں بدعنوانی کے امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قومی جائزے کے تحت 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا، جن میں سے 10 اداروں کے لیے تفصیلی انڈیکیٹرز مرتب کیے گئے۔ 300 سے زائد انڈیکیٹرز کی بنیاد پر اداروں کی کارکردگی اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے ڈیٹا اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کو بھی شامل کیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ رپورٹ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی تاکہ اصلاحاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے، جبکہ صوبے بھی اس طریقہ کار سے استفادہ کر سکیں گے۔
وزیر قانون نے مزید بتایا کہ حکومت نے نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 3200 ارب روپے کا پیکیج بھی متعارف کرایا ہے۔

















