Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین میں لوگ ذہنی سکون کے لیے جسم پر خراشیں لگانے لگے

ژانگ کے مطابق لوگ اس سروس سے ذہنی دباؤ کم کرنے، سکون حاصل کرنے اور بہتر نیند کے لیے فائدہ اٹھاتے ہیں

دنیا بھر میں اس وقت کئی ایسے نئے کاروبار شروع کیے گئے جنہیں جان کر ایک لمحے کے لیے آپ چونک جاتے ہیں کہ یہ بھی  بزنس بن سکتا ہے ایسا ہی ایک منفرد کاروبار چینی سیلون میں شروع کیا گیاہے جس میں لوگ ذہنی سکون کے لیے ایک منفرد طریقہ اپناتے دکھائی دے رہے ہیں۔

چین کے ایک 32 سالہ شخص ژانگ شیاوچاؤ  نے اپنے سیلون میں ایک انوکھا کاروبار شروع کیا ہے جس میں لوگ سکون اور ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے پیسے دے کر اپنے جسم پر ہلکی ہلکی خراشیں لگواتے ہیں۔

ژانگ کو یہ خیال ایک ویڈیو دیکھنے کے بعد آیا۔ جس میں ایک خاتون اپنے شوہر کی کمر پر آہستہ آہستہ ہاتھ پھیر رہی تھی۔ ویڈیو پر لوگوں نے تبصرہ کیا کہ وہ بھی کسی کو پیسے دے کر اس طرح اپنی کمر کو سہلانا چاہتے ہیں۔

ژانگ کو خود بھی بچپن میں اپنے والد کا کمر پر ہاتھ پھیرنا اور ہلکی خراشیں لگانا بہت اچھا لگتا تھا۔ اس لیے انہوں  نے سوچا کہ کیوں نہ اس کام کو کاروبار بنا لیا جائے۔

اس مقصد کے لیے ژانگ نے چین کے شہر شین ژین میں اپنا پہلا سیلون کھولا۔ اس سے پہلے اس کے کئی کاروباری اور ملازمت کے تجربات ناکام ہو چکے تھے، تاہم اس بار اس کا منصوبہ کامیاب رہا۔

کچھ ہی عرصے بعد اس نے دوسرا سیلون بھی کھول لیا۔ دونوں سیلون سے اب ہر ماہ تقریباً 100,000 چینی یوآن یعنی 15,000 امریکی ڈالر کی آمدن ہورہی ہے۔

اس سروس میں گاہک لیٹ جاتے ہیں اور عملہ پلاسٹک کے نوکیلے مصنوعی ناخن پہن کر ان کے جسم پر آہستہ آہستہ خراشیں لگاتا ہے۔

ژانگ کا کہنا ہے کہ انہوں  نے اس کام کی مختلف تکنیکیں خود سیکھیں اور کچھ طریقے خود بھی بنائے، کیونکہ اس سے ملتا جلتا کاروبار پہلے عام نہیں تھا جبکہ وہ ایک گھنٹے کی سروس کے 300 یوآن (تقریباً 41 ڈالر) لیتے ہیں۔

ژانگ کے مطابق لوگ اس سروس سے ذہنی دباؤ کم کرنے، سکون حاصل کرنے اور بہتر نیند کے لیے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ کچھ مستقل گاہکوں کا کہنا ہے کہ یہ سروس انہیں مساج سے بھی زیادہ آرام دیتی ہے۔

اب ژانگ پورے چین میں اس کاروبار کو پھیلانا چاہتے ہیں اور تقریباً 100 نئے سیلون کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں