Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت میں بچوں کے جنسی استحصال کے خلاف گوگل کا بڑا اقدام

نئے طریقے کار کے عملی نفاذ کے لیے تکنیکی طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔

بھارت میں بچوں کے تحفظ سے متعلق گوگل نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے براہ راست رپورٹنگ کی تجویز دے دی۔

گوگل کے مطابق کمپنی نے بھارت کے سائبر جرائم رابطہ مرکز کو بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد کے معاملات میں ضروری معلومات فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔

اس سے قبل گوگل ایسے معاملات کی اطلاعات امریکا میں قائم لاپتہ اور استحصال کا شکار بچوں کے قومی مرکز کے ذریعے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچاتا تھا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اس کے پلیٹ فارمز پر بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد کی نشاندہی ہونے پر اسے ہٹادیا جاتا ہے اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی جاتی ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت بھارت میں ایسے معاملات کی معلومات مقامی حکام تک براہ راست پہنچانے کی راہ ہموار ہوگی۔ گوگل کی جانب سے یہ تجویز بھارتی حکومت کے ساتھ بات چیت کے دوران سامنے آئی ہے اور اس کے عملی نفاذ کے لیے تکنیکی طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میٹا نے بھی بھارت میں بچوں کے تحفظ سے متعلق معاملات کی اطلاعات بھارتی سائبر جرائم رابطہ مرکز کے پورٹل کو براہ راست فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔