Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چائے یا کافی؟ بڑی عمر کی خواتین کی ہڈیوں پر کیا اثر پڑتا ہے

تحقیق میں 65 سال سے زائد عمر کی امریکی خواتین کے چائے اور کافی پینے کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔

آسٹریلیا کی ایک حالیہ تحقیق میں بڑی عمر کی خواتین میں چائے اور کافی کے استعمال اور ہڈیوں کی مضبوطی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا جس میں باقاعدگی سے چائے پینے والی خواتین کی کولہے کی ہڈیوں کی کثافت نسبتاً زیادہ پائی گئی جب کہ بہت زیادہ کافی پینے والی خواتین میں ہڈیوں کی کثافت کم ہونے کا رجحان سامنے آیا۔

یہ تحقیق آسٹریلیا کی فلنڈرز یونیورسٹی سے وابستہ صحت عامہ کے ماہرین نے کی جس میں 65 سال سے زائد عمر کی تقریباً 9 ہزار 700 امریکی خواتین کے چائے اور کافی پینے کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔

یہ خواتین ایک وسیع تحقیق کا حصہ تھیں جس کے دوران تقریباً 10 سال کے عرصے میں مختلف مواقع پر ان سے چائے اور کافی کے استعمال سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں۔

تحقیق میں خواتین کی ہڈیوں کی صحت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس مقصد کے لیے کولہے اور ران کی ہڈی کے جوڑ کے قریب ہڈیوں میں موجود معدنی مقدار کی پیمائش کی گئی جس سے ہڈیوں کی مضبوطی کا اندازہ لگایا گیا۔

تحقیق کے نتائج میں سامنے آیا کہ جو خواتین باقاعدگی سے چائے پیتی تھیں، ان کے کولہے کی ہڈیوں کی کثافت ان خواتین کے مقابلے میں قدرے زیادہ تھی جو چائے نہیں پیتی تھیں۔

ماہرین کے مطابق چائے میں پائے جانے والے قدرتی مرکبات ہڈیوں کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے خلیوں کو ممکنہ طور پر فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ تحقیق میں موٹاپے کا شکار خواتین میں چائے کے استعمال اور ہڈیوں کی مضبوطی کے درمیان تعلق نسبتاً نمایاں نظر آیا۔

دوسری جانب کافی کے استعمال کے نتائج مختلف رہے۔ روزانہ پانچ کپ سے زیادہ کافی پینے والی خواتین میں ہڈیوں کی کثافت کم ہونے کا امکان زیادہ پایا گیا۔

ماہرین کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ کیفین کا زیادہ استعمال ہے جو جسم میں کیلشیم کے جذب ہونے کے عمل کو متاثر کرسکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ زیادہ مقدار میں شراب استعمال کرنے والی خواتین میں کافی پینے اور ران کی ہڈی کی کم کثافت کے درمیان تعلق پایا گیا۔

ماہرین نے واضح کیا کہ تحقیق کے نتائج کا مطلب یہ نہیں کہ خواتین کافی مکمل طور پر چھوڑ دیں یا بڑی مقدار میں چائے پینا شروع کردیں تاہم معتدل مقدار میں چائے کا استعمال ہڈیوں کی صحت کے لیے معاون ہوسکتا ہے جب کہ بہت زیادہ کافی کا استعمال مناسب نہیں سمجھا جاتا۔

تحقیق میں شامل زیادہ تر خواتین سفید فام تھیں، اس لیے نتائج کو تمام آبادیوں پر یکساں طور پر لاگو نہیں کیا جاسکتا۔ ماہرین کے مطابق کیلشیم اور وٹامن ڈی اب بھی ہڈیوں کی صحت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔