Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ نے کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان نامزد کر دیا

کیٹی زکریا اس وقت ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ سے وابستہ ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کیٹی زکریا اس وقت ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ سے وابستہ ہیں، وہ کمیونیکیشن ایڈوائزر کے طور پر کام کر رہی ہیں، یہ ادارہ ’ٹروتھ سوشل‘  کا انتظام سنبھالتا ہے۔

اس سے قبل وہ مختصر عرصے کے لیے امریکی محکمۂ داخلی سلامتی (ڈی ایچ ایس) میں ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

انہوں نے ریاست میں قدامت پسند ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے ٹرمپ کے اتحادی رک گرینل کی جانب سے قائم کردہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ’فکس کیلیفورنیا‘ کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کیٹی زکریا کو وفادار اور میگا تحریک (میک امریکا گریٹ اگین) کی پُرجوش حامی اور رکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیٹی زکریا کا ریکارڈ ان کی حمایت کے حوالے سے بے داغ رہا ہے۔

ٹرمپ نے لکھا ہے کہ کیٹی زکریا اس سے قبل میری انتخابی مہمات میں بھی شامل رہی ہیں اور اہم سوئنگ ریاستوں میں معاونت کرتی رہی ہیں، جہاں ہم نے 7 میں سے 7 ریاستوں میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کیٹی وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کی حیثیت سے ہمارے ملک کے لیے بہترین نتائج فراہم کریں گی، انہیں ذرائع ابلاغ، امریکی عوام اور میری انتظامیہ کا احترام حاصل ہے اور وہ ان سب کے ساتھ بہترین انداز میں کام کریں گی۔

متعلقہ خبریں