Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم نے نقل روکنے کی کوشش میں ناکامی پر استعفیٰ دے دیا

وزارت تعلیم کے مطابق رواں سال تقریباً 5 لاکھ طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا

جنوبی کوریا میں امتحانات کے دوران مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے نقل روکنے کے لیے آخری وقت میں کیے گئے ہنگامی اقدامات پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد وزیر تعلیم چوئی کیو جن مستعفی ہوگئے، انہوں نے امتحانی انتظامات میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرلی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم نے ملک کے انتہائی اہم سالانہ کالج داخلہ امتحان ’سونونگ‘ کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے اچانک نافذ کیے گئے اقدامات سے پیدا ہونے والی پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیا، جسے صدر لی جائے میونگ نے منظور کرلیا۔

تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب گزشتہ ہفتے قومی ٹیکس اکاؤنٹنسی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار ہان وون سوک نے اعتراف کیا کہ اس نے مائیکرو کیمرے، موبائل فون اور اے آئی ٹولز کی مدد سے نقل کی تھی۔

34 سالہ امیدوار نے بتایا کہ اس نے خفیہ کیمرے سے سوالات کی تصاویر بنا کر اے آئی کو بھیجیں اور اسمارٹ فون کے ذریعے جوابات چیک کیے۔ اس نے 160 سوالات میں سے صرف ایک غلط جواب دیا تھا۔

اس انکشاف کے بعد حکام نے سونونگ امتحان سے چند روز قبل ملک بھر میں سخت اقدامات نافذ کردیے، جن میں امیدواروں کے خفیہ الیکٹرانک آلات کی تلاش اور موبائل فونز پر ہنگامی الرٹس بھیجنا شامل تھا۔

امتحان کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک تین مرتبہ ہنگامی الرٹس جاری کیے گئے، جن کی آواز بیک وقت پورے ملک میں موبائل فونز پر سنائی دی، حتیٰ کہ سائلنٹ موڈ پر موجود فونز اور رومنگ استعمال کرنے والے سیاحوں کے موبائل بھی بج اٹھے۔

وزارت تعلیم کے مطابق رواں سال تقریباً 5 لاکھ طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے 111 امیدواروں کے پاس غیر مجاز اسمارٹ ڈیوائسز برآمد ہوئیں۔

وزیر تعلیم چوئی کیو جن کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزیر ہونے کے ناطے وہ اس تنقید سے بچ نہیں سکتے کہ حکومت نے پہلے سے مناسب تیاری کیوں نہیں کی۔ امتحان مکمل ہونے کے بعد وہ اس صورت حال کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ پیش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں سونونگ امتحان انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جو طلبہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے اور مستقبل کے کیریئر کا تعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ صدر لی جائے میونگ پہلے ہی ملک کے موجودہ امتحانی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں