Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا میں اسکول پر فائرنگ، 3 بچے اور ٹیچر ہلاک، 16 سالہ حملہ آور بھی مارا گیا

ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں پانچ، آٹھ اور 11 سال تھیں

امریکی ریاست اوریگن کے شہر بینڈ میں ایک ایلیمنٹری اسکول پر فائرنگ کے نتیجے میں تین بچے اور ایک ٹیچر ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک بچہ اور ایک ٹیچر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق 16 سالہ حملہ آور کو ایک مسلح شہری نے ہلاک کیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا، جہاں حملہ آور نے مبینہ طور پر بند دروازوں پر فائرنگ کرکے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

بینڈ پولیس چیف مائیک کرینٹز نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کو ابتدائی طور پر ایک شخص کی کال موصول ہوئی، جس نے اطلاع دی کہ ایک طویل بیرل والے ہتھیار سے لیس شخص نے اس پر متعدد فائر کیے ہیں۔ بعدازاں متعدد ہنگامی کالز کے ذریعے اسکول میں مسلح حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔

پولیس چیف کے مطابق اہلکار مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر دو منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اسی دوران ایک مسلح شہری نے حملہ آور کو اسکول میں داخل ہوتے دیکھا، اس کا تعاقب کیا اور فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔ پولیس اہلکاروں نے عمارت میں داخل ہوکر حملہ آور کی موت کی تصدیق کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔

مائیک کرینٹز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں پانچ، آٹھ اور 11 سال تھیں، جبکہ شدید زخمی ہونے والے بچے کی عمر سات سال اور ٹیچر کی عمر 54 سال ہے۔ دونوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور بینڈ شہر کا رہائشی تھا۔ واقعے کی تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور حکام فائرنگ کے محرکات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں