افغانستان کے صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسعد آباد میں دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دھماکہ سرکاری اسکول سے متصل فتنہ الخوارج کے ایک مرکز میں ہوا، جہاں مبینہ طور پر دہشت گردی سے متعلق سرگرمیاں جاری تھیں۔
ذرائع کے مطابق 28 نومبر کو اسعد آباد کے علاقے اندر شیر شگئی میں ہونے والے دھماکے کے مقام کو فتنہ الخوارج کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا، مبینہ مرکز سے وابستہ بعض افراد کی شناخت بھی سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دھماکے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد بھی ہلاک اور زخمی ہوئے، زخمیوں کو کابل کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد طالبان حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آمدورفت محدود کردی۔
ذرائع کے مطابق طالبان ترجمانوں کی جانب سے دھماکے کو کان کنی سے متعلق بارود کے گودام میں حادثہ قرار دیا گیا، تاہم جائے وقوعہ کو کان کنی کے کاروبار سے وابستہ گودام ظاہر کرنے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ طالبان انٹیلی جنس حکام جائے وقوعہ سے متعلق شواہد جمع کرنے اور واقعے کی تفصیلات پر قابو رکھنے کی کوشش کررہے ہیں، جبکہ زخمیوں کے علاج کے لیے بیرونی طبی معاونت کے امکانات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج سے وابستہ ایسے متعدد مراکز موجود ہیں، تاہم ان دعوؤں اور دھماکے سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔



















