سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر جاری کیا گیا الرٹ ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد سعودی شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کو جاری تنبیہ واپس لے لی گئی۔
سعودی سول ڈیفنس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے مطابق قومی ابتدائی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض میں خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا تھا تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حکام نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل چکا ہے اور اب الرٹ برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں متعدد اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان اہداف میں ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جازان آئل ریفائنری اور جنوبی سعودی عرب کے دو بجلی گھر شامل ہیں۔


















