کراچی: چین سے 179 الیکٹرک بسیں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں جب کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے بھی بسوں کی ان لوڈنگ کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
کے پی ٹی کے مطابق الیکٹرک بسیں چین کے شہر ینگ کاؤ سے جہاز ایم وی روننگ 6 کے ذریعے کراچی لائی گئیں۔ ان بسوں کی ہینڈلنگ کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ پر کی گئی۔
179 الیکٹرک بسیں مارگلہ ہیوی انڈسٹریز لمیٹڈ کے نام پر درآمد کی گئی ہیں جب کہ ان کی کھیپ ٹیکسلا کینٹ کے لیے مختص ہے۔
الیکٹرک بسوں کی آمد پاکستان میں ماحول دوست ذرائع نقل و حمل کے فروغ اور جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ مختلف نوعیت کے کارگو کی ہینڈلنگ کے ذریعے ملک میں جدید ذرائع نقل و حمل کی درآمد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 179 الیکٹرک بسوں کی کامیاب ہینڈلنگ کراچی پورٹ کی آپریشنل صلاحیتوں کی بھی عکاسی کرتی ہے۔


















