ترکیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں فوجی اہلکار تعینات کرنے کی اجازت کے لیے پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکمراں جماعت اے کے پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے بدھ کو بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق سے متعلق بل کی منظوری کے بعد فوجی تعیناتی کی اجازت دینے کی قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ترکیہ نے منگل کو اس معاہدے کی پارلیمانی توثیق کے لیے دستاویزات پیش کردیں، جس کے بعد نیٹو کی دوسری بڑی فوج رکھنے والا ملک سعودی عرب کے ساتھ باضابطہ مشترکہ دفاعی عہد کے قریب آگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کو حوثی حملوں کے تناظر میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم سعودی عرب میں ترک فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی منظوری کا عمل ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔

















