گوادر میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر بلوچستان کی سیاسی قیادت نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
فتنہ الہندوستان کی جانب سے خواتین کو جنگ کا حصہ بنانے پر صوبائی وزراء سمیت تمام سیاسی قیادت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور فتنہ الہندوستان کے گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ خواتین کو لاحاصل جنگ میں دھکیل کر فتنہ الہندوستان نے قبائلی روایات کی دھجیاں اڑا دیں۔
رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے پیچھے چھپے عناصر کو پہچانیں جو صوبے کے امن اور عوام کی عزت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کی طرف سے خواتین کو دہشت گردی میں جھونکنے کی حکمت عملی قابل مذمت ہے، سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائی نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت تعلیم ہے، بچوں کو گمراہ پروپیگنڈا سے بچانے کے لیے تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔
















