Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسحاق ڈار اور چینی سفیر کی ملاقات؛ پاک چین تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

‘پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل انتہائی اہم ہے’

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی ملاقات ہوئی جس میں پاک چین تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، علاقائی رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے جاری تعاون پر بھی گفتگو کی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل انتہائی اہم ہے۔ دونوں جانب سے نئے دور میں پاک چین مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

متعلقہ خبریں