امریکی ریاست جارجیا میں ڈیموکریٹک امیدوار کیشا لانس باٹمز نے گورنر کا انتخاب جیت لیا، امریکی تاریخ کی پہلی سیاہ فام خاتون گورنر منتخب ہوگئیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلانٹا کی سابق میئر کیشا لانس باٹمز نے ری پبلکن امیدوار اور کاروباری شخصیت رک جیکسن کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تاہم ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چھپن سالہ کیشا لانس باٹمز جنوری 2027 میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ وہ جارجیا کی تاریخ کی پہلی خاتون گورنر بھی ہوں گی۔ اس سے قبل ریاست میں تمام گورنر سفید فام مرد رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیشا لانس باٹمز کی کامیابی کے ساتھ جارجیا میں ری پبلکن جماعت کی دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری حکمرانی کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔ ریاست میں آخری ڈیموکریٹک گورنر نے 2003 میں عہدہ چھوڑا تھا۔
کیشا لانس باٹمز 2018 سے 2022 تک اٹلانٹا کی میئر رہ چکی ہیں جبکہ انہوں نے سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں مشیر اور وائٹ ہاؤس کے دفتر برائے عوامی رابطہ کاری کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
انتخابی مہم کے دوران ان کی توجہ صحت کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے، مہنگائی پر قابو پانے، کم از کم اجرت میں اضافے اور سرکاری طبی پروگرام میڈیکیڈ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر مرکوز رہی۔
انتخابی نتائج کے مطابق اٹلانٹا اور اس کے نواحی علاقوں کے ووٹرز، خصوصاً سیاہ فام شہریوں کی حمایت نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

















