امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے دوران نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں ووٹنگ مشینوں کی خرابی نے انتخابی عمل متاثر کردیا، مشینیں کاغذی بیلٹ قبول کرنے میں ناکام ہوگئیں تاہم ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک شہر کے شمال میں واقع ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے الیکشن بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مختلف پولنگ مراکز پر نصب ووٹنگ مشینیں کاغذی بیلٹ اسکین کرکے قبول نہیں کر رہیں، جس کے باعث ووٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کاؤنٹی میں تقریباً 7 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔ انتخابی حکام نے مشینوں میں خرابی کے باوجود شہریوں کو ووٹ ڈالنے سے نہ روکنے کے لیے متبادل انتظامات کیے ہیں۔ ووٹرز اپنے بیلٹ پیپر ہاتھ سے جمع کرا سکتے ہیں، جنہیں محفوظ اور نگرانی میں رکھے گئے خصوصی نارنجی ایمرجنسی بیگز میں محفوظ کیا جائے گا، بعد ازاں ان کی گنتی کی جائے گی۔
ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی بورڈ آف الیکشنز کی ایگزیکٹو اسسٹنٹ راکیل براؤن کے مطابق حکام متبادل مشینیں استعمال کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ بیلٹ پیپرز کو اسکین کرنے کا عمل بحال کیا جاسکے۔
الیکشن بورڈ نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ قطاریں نہ چھوڑیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام بیلٹ پیپرز محفوظ رہیں گے اور ہر ووٹ کو شمار کیا جائے گا۔
انتخابی بورڈ نے ووٹرز اور پولنگ عملے کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خرابی دور کرنے اور انتخابی عمل کو معمول پر لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

















