Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

11 ہزار اقسام کے پرندوں کی شناخت کرنے والا اسمارٹ برڈ فیڈر تیار

اس حیرت انگیز فیڈر میں ایک کیمرا نصب ہے جو کسی پرندے کے قریب آتے ہی خود بخود کام شروع کردیتا ہے

پرندوں کے شوقین افراد کے لیے ایک جدید اسمارٹ فیڈر متعارف کرایا گیا ہے، جو نہ صرف پرندوں کی تصاویر اور ویڈیوز بناتا ہے بلکہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے 11 ہزار اقسام کے پرندوں کی شناخت بھی کرسکتا ہے۔

نوک نامی اس ڈیوائس کو نیویارک کی کمپنی ’برڈ بڈی‘ نے تیار کیا ہے اس حیرت انگیز فیڈر میں ایک کیمرا نصب ہے جو کسی پرندے کے قریب آتے ہی خود بخود کام شروع کردیتا ہے۔ اس میں 2 کے ایچ ڈی آر کیمرا موجود ہے، جو تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کرسکتا ہے۔

اس ڈیوائس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ دوبارہ آنے والے پرندوں کو  پہچاننے کی صلاحیت رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ صارفین ہر پرندے کا الگ ریکارڈ بنا کر اسے نام بھی دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہزاروں میل دور سے دماغ کو کنٹرول کرنے والی ڈیوائس تیار

یہ ڈیوائس موبائل فون سے منسلک ہوتی ہے اور جب کوئی پرندہ فیڈر پر آتا ہے تو فون پر اطلاع مل جاتی ہے۔ اگر کوئی بلی یا بیمار پرندہ قریب آئے تو اس کی اطلاع بھی مل سکتی ہے۔

اس میں ’نیچر چیٹ‘ نامی ایک سہولت بھی موجود دی گئی جس کے ذریعے صارفین پرندوں کے بارے میں دلچسپ معلومات حاصل کرسکتے ہیں اس ڈیوائس کی قیمت 99 ڈالر رکھی گئی ہے۔۔

تاہم پرندوں کی خودکار شناخت اور دیگر خاص سہولیات استعمال کرنے کے لیے سالانہ 69 ڈالر کی فیس ادا کرنا ہوگی تاہم تصاویر اور ویڈیوز بنانے اور محفوظ کرنے جیسی بنیادی سہولیات مفت ہیں۔

فیڈر کا عام ماڈل ایک بار چارج ہونے کے بعد ایک ماہ تک چل سکتا ہے۔ اسے یو ایس بی ٹائپ سی کیبل سے چارج کیا جاسکتا ہے جبکہ کمپنی نے اس کا سولر ماڈل بھی متعارف کرایا ہے جس میں چھت پر شمسی پینل لگے ہیں۔ اس کی قیمت 159 ڈالر ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیڈر شدید سردی اور گرمی میں بھی کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم سولر ماڈل کی کارکردگی دھوپ اور موسم پر منحصر ہوگی۔

اس فیڈر میں تقریباً 0.9 لیٹر پرندوں کا دانہ رکھا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ’برڈ بڈی ہوم‘ کے نام سے ایک بڑا ماڈل بھی پیش کیا ہے، جس میں 1.4 لیٹر دانہ رکھنے کی گنجائش ہے اور اس کی قیمت 219 ڈالر ہے۔