Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح شخص گرفتار؛ صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کی مبینہ دھمکی

‘ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی بات کی’

امریکی سیکرٹ سروس نے وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مسلح شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

امریکی محکمۂ داخلی سلامتی کے مطابق ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی بات کی جبکہ حکام نے بتایا کہ اس کی گاڑی سے تین ہتھیار اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

واشنگٹن میں جمعرات کی رات سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ایک گاڑی میں بیٹھے شخص کو مشتبہ حرکات کرتے دیکھا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس شخص نے مبینہ طور پر بتایا کہ اسے آوازیں سنائی دے رہی تھیں جو اسے واشنگٹن جا کر صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کے لیے کہہ رہی تھیں۔

حکام نے ملزم کی شناخت وینزویلا کے شہری رونی یورڈریکس گوانیپا چرینوس کے نام سے کی ہے۔ گاڑی کی تلاشی میں ایک اے آر ففٹین طرز کا ہتھیار، دو پستول اور درجنوں گولیاں ملیں جبکہ گاڑی کی چوری کی رپورٹ پہلے ہی درج تھی۔

ملزم پر اسلحے سے متعلق متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں بغیر لائسنس پستول ساتھ رکھنے کا الزام بھی شامل ہے۔ اسے چوری اور گاڑی کے غیر مجاز استعمال کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔ جمعے تک ملزم امریکی مارشلز سروس کی تحویل میں تھا۔

سیکرٹ سروس کے ڈائریکٹر شان کرن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ وائٹ ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی خطرات کی عکاسی کرتا ہے تاہم وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر سوالات محکمۂ داخلی سلامتی اور سیکرٹ سروس کو بھیج دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں