Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

وراثت میں ملنے والا حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوگا تاہم حق سے انکار کا علم ہونے کے بعد 6 سال میں قانونی چارہ جوئی ضروری ہوگی، فیصلہ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے خواتین سمیت تمام قانونی ورثا کے وراثتی حقوق کے تحفظ سے متعلق ایک اہم اور تاریخی فیصلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق وراثت میں ملنے والا حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوگا تاہم حق سے انکار کا علم ہونے کے بعد 6 سال میں قانونی چارہ جوئی ضروری ہوگی۔ 5 رکنی بینچ نے وراثتی جائیداد کی بروقت تقسیم کے لیے قانون سازی کی سفارش بھی کر دی۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر 88 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کے مقدمات میں مدتِ معیاد کے تعین سے متعلق اہم اصول وضع کر دیئے، 5 رکنی بینچ کے فیصلے کے مطابق والد یا والدہ کی وفات کے بعد وراثتی حصہ فوری طور پر وارث کی ملکیت بن جاتا ہے اور محض وقت گزرنے، خاموشی یا عدم دلچسپی سے یہ حق ختم نہیں ہوتا۔

فیصلے کے مطابق کسی وارث کو اس کے شرعی حصے سے محروم نہیں کیا جا سکتا، تاہم قانونی چارہ جوئی کے لیے چھ سال کی مدت کا آغاز اس وقت ہوگا جب وارث کو اپنے حق سے انکار کا علم ہو۔ محض وراثتی انتقال میں نام درج نہ ہونے یا غلط اندراج سے قانونی مدت شروع نہیں ہوگی نہ ہی کسی وارث کا قبضہ دیگر ورثا کے حقوق ختم کرے گا۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ وراثتی حق سے دستبرداری کے لیے آزادانہ رضامندی اور قانونی طریقے سے منتقلی ضروری ہے، زبانی دعوے یا جعل سازی کی بنیاد پر کسی وارث کو محروم نہیں کیا جا سکتا۔ وارث کی وفات کی صورت میں اس کے قانونی ورثا بھی دعویٰ کر سکیں گے بشرطیکہ سابقہ وارث کو اپنے حق سے محرومی کا علم نہ ہوا ہو۔

سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کی بروقت اور درست تقسیم یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی سفارش کرتے ہوئے اسے ورثا اور متعلقہ حکام کی قانونی ذمہ داری قرار دینے کی تجویز دی۔

فیصلے میں خواتین کے وراثتی حقوق اور نیک نیتی سے جائیداد خریدنے والوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی برقرار رکھا گیا۔ پہلے سے حتمی قرار دیئے گئے عدالتی احکامات دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے جبکہ فیصلے میں وضع کردہ اصول زیرالتوا اور آئندہ دائر ہونے والے مقدمات پر لاگو ہوں گے۔

متعلقہ خبریں