بنوں میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے کنگر پل پولیس چوکی پر حملہ کیا تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں حملہ ناکام بنا دیا گیا اور 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے نصف شب کنگر پل چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس پر بنوں پولیس کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دفاعی حکمت عملی کے تحت بھرپور جواب دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری، کوئیک رسپانس فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔
آپریشن کے دوران چار خوارج کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
بنوں پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔

















