ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حکومت نے ریفرنڈم کے انعقاد کے لیے ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اس اہم معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے ریفرنڈم کی آئینی اور قانونی حیثیت کے تعین کے لیے آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں انتظامی بنیادوں پر 10 سے 12 نئے صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ حکومت کی اس معاملے پر مختلف سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کے بعد حکومت نے ریفرنڈم کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کی تاحال حمایت کا عندیہ نہیں دیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے آئندہ اجلاس غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بھی نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے قرارداد منظور ہونے کا امکان ہے۔


















