اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں رکن ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت ترکیہ، آذربائیجان اور قازقستان کے اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس کا اہم ایجنڈا ای سی او وژن 2035 کی منظوری ہوگا جس کا مسودہ رکن ممالک کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ اس دوران اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، توانائی کے شعبے میں اشتراک، ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری اور وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے ای سی او تجارتی معاہدے پر پیش رفت اور ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کی تجاویز بھی پیش کی جائیں گی تاہم ان اقدامات کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنا اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
اجلاس کے افتتاحی سیشن سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار خطاب کریں گے جبکہ ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر شریک ممالک کے وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

















