واشنگٹن: امریکی ڈیموکریٹک قانون سازوں نے ایسے غیر قانونی تارکینِ وطن کو قانونی حیثیت دینے کے لیے ایک مجوزہ بل پیش کیا ہے جو گزشتہ 10 سال سے امریکہ میں مقیم ہیں اور ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق مجوزہ قانون سازی کے تحت اہل تارکینِ وطن کو مستقل قانونی رہائش یعنی گرین کارڈ حاصل کرنے کا راستہ فراہم کیا جاسکے گا۔
اس قانون سازی کی حمایت کرنے والوں میں کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک اراکینِ کانگریس زو لوفگرین (Zoe Lofgren)، خوان ورگاس (Juan Vargas) اور جان گارامندی (John Garamendi) شامل ہیں۔
مجوزہ بل کی اہم شق کے مطابق اگر کسی تارکِ وطن کے خلاف وفاقی امیگریشن جج کی جانب سے ملک بدری کا حتمی حکم جاری ہوچکا ہو تو 10 سال گزرنے کے بعد یہ حکم ختم ہوسکے گا بشرطیکہ متعلقہ شخص غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے علاوہ کسی دوسرے جرم میں سزا یافتہ نہ ہو۔

اس قانون سازی کا مقصد ایسے تارکینِ وطن کو قانونی مستقل رہائش کا موقع فراہم کرنا ہے جو طویل عرصے سے امریکہ میں مقیم ہیں اور جن کے خلاف دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔
مجوزہ بل کی منظوری کی صورت میں امریکہ میں مقیم لاکھوں غیر قانونی تارکینِ وطن کو قانونی حیثیت حاصل کرنے اور گرین کارڈ کے حصول کا ممکنہ راستہ مل سکتا ہے۔
تاہم یہ ایک مجوزہ قانون سازی ہے، اس لیے اس کے نفاذ اور تارکینِ وطن کو قانونی حیثیت ملنے کا انحصار کانگریس میں منظوری اور قانون سازی کے دیگر مراحل پر ہوگا۔


















